|

وقتِ اشاعت :   April 26 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اجلا س میں ایک مرتبہ پھر پی ایس ڈی پی کے معاملے پر اپوزیشن اراکین کے تحفظات کاازالہ نہ ہونے کا تذکرہ ڈپٹی اسپیکر نے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کوآئندہ اجلاس میں رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے ثناء بلوچ نے پی ایس ڈی پی کے معاملے پر اپوزیشن اراکین کے تحفظات کاازالہ نہ ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 28مارچ کو سپیکر نے پی ایس ڈی پی 2018-19ء کی تفصیلات طلب کیں۔

جس کے بعد پی اینڈ ڈی کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل تفصیل ایوان میں پیش ہوئی جس پر کافی احتجاج ہوا 8اپریل کو سپیکر صوبائی اسمبلی کے دفتر سے ایک مراسلہ جاری ہوا جس میں ایک بار پھر پی اینڈ ڈی سے تفصیلات طلب کی گئیں۔

آج یہ تفصیل ایوان میں آجانی چاہئے تھی لیکن تفصیل نہیں آئی اگر اس ایوان کی بات کو اہمیت نہیں ملتی تو یہ المیہ ہے انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف ہم اپوزیشن اراکین بلکہ سپیکر آفس کا استحقاق بھی مجروح ہوا ہے بعد ازاں ڈپٹی سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت کی کہ وہ اس بابت 27اپریل کے اجلاس میں رپورٹ پیش کریں اور ایوان کو صورتحال سے آگاہ کریں۔