اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے جنگ اور جیو گروپ کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گروپ 11 مئی کو ملکی تاریخ کی بدترین انتخابی دھاندلی میں ملوث ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ 11 مئی کو شام 6 بجے پولنگ ختم ہوئی اور رات 11 بج کر 23 منٹ پر میاں نواز شریف سے جیتنے کی تقریر کروائی گئی اور جس میں انہوں نے کہاکہ انہیں اسمبلی میں واضح اکثریت دلوائی جائے جب کہ شہباز شریف کے وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کی بھی نوید سنائی حالانکہ اس وقت صرف 18 فیصد نتائج آئے تھے جس کے بعد تمام نتائج رک گئے۔
عمران خان نے کہاکہ جنگ اور جیو گروپ 11 مئی کے انتخابات میں بدترین دھاندلی میں ملوث ہے جس کا اس گروپ کو یہ فائدہ ملا کہ ان کے ایک ملازم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیرمین بنا دیا گیا جب کہ کرکٹ میچز کے کروڑوں روپے کے حقوق پی ٹی وی کو دینے کے بجائے جیو سوپر کو دیئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ہم جنگ اور جیو گروپ کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں اور ہمارا کوئی نمائندہ جیو کے کسی بھی پروگرام میں اس وقت تک شریک نہیں ہوگا جب تک وہ اپنے اس عمل پر معافی نہیں مانگتے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں صرف 4 حلقوں میں دھاندلی کا کیس سپریم کورٹ لے کر گیا لیکن سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ ان کے پاس پہلے ہی 20 ہزار پٹیشنز پڑی ہیں۔ عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ جن لوگوں نے انتخابات میں مینڈیٹ چوری کیا ہے چاہے وہ سابق چیف جسٹس ہو، الیکشن کمیشن، ریٹرننگ آفسیر یا کوئی میڈیا گروپ ہو سب کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر ان کا احتساب کیا جائے۔