|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2019

کوئٹہ :  بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن اراکین نے صوبے میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے زمینداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیسکو چیف کوتبدیل کیا جائے مسئلہ حل نہ ہوا تو بل ادا کرنا بند کردینگے،ڈپٹی سپیکر نے کیسکو چیف کو منگل یا بدھ کے روز طلب کرلیا۔

جمعہ کے روز ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل کے زیر صدارت ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزراء میر عارف محمد حسنی، میر سلیم کھوسہ نے پوائنٹ آف آرڈر پر ایوان کی توجہ کیسکو کی جانب سے مختلف ٹیوب ویلز کے ٹرانسفارمر اتارنے اور بجلی منقطع کرنے کی جانب مبذول کرائی اورکیسکو چیف کو طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔

پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کہا کہ رمضان المبارک آنے والا ہے لیکن کیسکو کی جانب سے مختلف ٹیوب ویلز کے ٹرانسفارمر اتارے جارہے ہیں۔

لہٰذا کیسکو حکام کو طلب کرکے اس معاملے پر وضاحت طلب کی جائے اور انہیں پابندکیا جائے کہ وہ رمضان المبارک ختم ہونے تک کسی ٹیوب ویل کی بجلی نہ کاٹیں اجلاس میں میر یونس عزیز زہری نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے زمینداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ہم نے پہلے بھی اس ضمن میں ایوان میں اس معاملے کو اٹھایا مگر کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا۔

اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کہا کہ زمینداروں بجلی کے بقایہ جات ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں بارشوں سے زمینداروں کو کافی نقصانا ت ہوئے ہیں لوگوں کی فصلیں اور بندات سیلابی ریلوں کی نذر ہوچکے ہیں صوبائی حکومت کوچاہئے کہ وہ وفاقی حکومت سے اس معاملے پر بات کرے تاکہ زمینداروں کو سپیشل پیکج دلایا جاسکے۔

جے یوآئی کے اصغر ترین نے کہا کہ تین سے چار ماہ زمینداروں کا سیزن ہے اس دوران اگر انہیں بجلی فراہم نہیں کی جائے گی تویہ ان کے معاشی قتل کے مترادف ہوگا حکومت بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے انہوں نے کیسکو چیف کے تبادلے کا بھی مطالبہ کیا۔

سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ زمینداروں کا مسئلہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے گزشتہ روز وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر کیسکو چیف کی تبدیلی کا عندیہ دیا ہے جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے انہیں ایک مقامی افسر کا نام تجویز کیا ہے ممکن ہے کہ اس پر عملدرآمد ہو انہوں نے کہا کہ کیسکو چیف ہمیں ہمیں ان کیمرہ بریفنگ دیں ہم اس سرزمین کے باسی ہیں اگر ہمیں بجلی فراہم نہیں کی جاتی تو ہم بل دینا بند کردیں گے۔

جس پر ڈپٹی سپیکر سردار بابر موسیٰ خیل نے رولنگ دی کہ سیکرٹری اسمبلی تحریری طو رپر کیسکو چیف کو منگل یا بدھ کے روز طلب کریں بعدازاں اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردیاگیا۔