کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بی ایم سی ہسپتال میں آپریشن تھیٹرز کی بندش کو سلیکٹڈ حکومت کی نا اہلی سمیت بے حسی اور لاپرواہی کی انتہا قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کو ہر حالت میں مشکلات اور پریشانی میں مبتلا کیا ہے۔ بی ایم سی ہسپتال کے ٹھیکیدار کو عدم ادائیگی سے مریض زندگی و موت کی کشمکش کا شکار ہیں لیکن متعلقہ محکمہ و حکام نے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے جو کہ عوام سے لاتعلق حکومت کی عدم دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت نے مریضوں اور عوام کو بے حال و مددگار چھوڑا ہوا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں ادویات وغیرہ بھی دستیاب نہیں۔ مریض باہر سے ادویات مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
سرکاری ہسپتالوں کا کوئی پرسان حال نہیں بیان میں مزید کہا گیا کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت اخباروں کی زینت بننے کی کوشش میں مصروفِ عمل ہے۔ ا صوبائی دارلحکومت کے تمام انتظامی اور دیگر ادارے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں تو اندرونِ بلوچستان کا اللہ ہی حافظ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بی ایم سی ہسپتال میں دن بھر بیسوں آپریشنز ہوتے ہیں اور وہ تمام غریب و عام عوام سے تعلق رکھتے ہیں حکومت کی غفلت نے غریب و نادار مریضوں کو موت کے شکنجے میں ڈال دیا ہے۔
ٹھیکیدار کی ادائیگی کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے اور اس کے کام کے معیار کی ذمہ داری بھی محکمہِ صحت پر ہی عائد ہوتی ہے۔ لیکن یہاں پر عوام کی اس قدر پریشانیوں کے باوجود محکمہِ صحت سمیت صوبائی حکومت کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔