کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ورکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ نے بی ڈی اے جو ائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ملک کے ایوانوں میں بلوچستان کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔
عوام کی نمائندہ جماعت ہونے کے ناطے ملازمین کے مطالبات کی منظور ی کیلئے ایوانوں میں اپنی آوازبلند کرینگے۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے گزشتہ روز بی ڈی اے جو ائنٹ ا یکشن کمیٹی کے احتجا جی کیمپ کے دورے کے موقع پر احتجاجی ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
آغا حسن بلوچ نے مزید کہا کہ پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل نے اپنے دور حکومت میں وفاق کی مخالفت کے باجود ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں غیر معمولی اضافہ کیا جو ان کی مزدور دوستی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی جنگ میں انکے شانہ بشانہ صف اول کا کردار ادا کیا ہے آئندہ بھی کرتے رئینگے۔
انہوں نے ہڑتالی ملازمین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ملازمین کے غصب کئے حقوق حاصل کرنے کیلئے ملکی ایوانوں میں معاملہ کو اٹھاکر اپنا بھر پور احتجاج ریکارڈ کرائے گی اس موقع پر پارٹی رہنماء کو بی ڈی اے جو ائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماء مسعود خان بازئی نے ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔