|

وقتِ اشاعت :   May 11 – 2019

گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پرل کانٹیننٹل پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا اور ہوٹل سے فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں۔

ایس ایچ او گوادر اسلم بنگلزئی کے مطابق ‘ہمیں 4 بج کر 50 منٹ پر یہ اطلاع ملی کہ 3 سے 4 دہشت گرد پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں داخل ہوئے، تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔’

انہوں نے کہا کہ ہوٹل میں کوئی غیر ملکی موجود نہیں ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ نیول کمانڈوز اور تھرٹی ون بریگیڈ ہوٹل کے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر عمارت کا فضائی جائزہ لے رہا ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) بلوچستان محسن حسن بٹ نے بھی ہوٹل میں کسی غیر ملکی کے موجود نہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ‘2 سے 3 حملہ آروں نے پہلے فائرنگ کی اور پھر ہوٹل کے اندر داخل ہوئے۔’

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں پاک فوج کو طلب کیا گیا جبکہ ہوٹل سے لوگوں کا انخلا 95 فیصد مکمل ہو گیا ہے اور صرف ہوٹل کا عملہ اندر موجود ہے۔’

انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں حملہ آور کشتی کے ذریعے ہوٹل میں حملہ کے لیے آئے۔

گوادر میں پرل کانٹیننٹل ہوٹل، مغربی خلیج کے جنوب میں فِش ہاربر روڈ پر کوہ باطل پہاڑی پر واقع ہے، جبکہ ہوٹل میں اکثر کاروباری افراد اور سیر و تفریح کے غرض سے گوادر آنے والے قیام کرتے ہیں۔

 


نوٹ: یہ ابتدائی خبر ہے جس میں تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔ بعض اوقات میڈیا کو ملنے والی ابتدائی معلومات درست نہیں ہوتی ہیں۔ لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ ہم متعلقہ اداروں، حکام اور اپنے رپورٹرز سے بات کرکے باوثوق معلومات آپ تک پہنچائیں۔