|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2014

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے متحدہ قومی مومنٹ کے مصطفیٰ کمال کی جانب سے خالی کردہ سینیٹ کی نشست پر انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق سندھ سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی  8 اور 9 مئی کو جمع کئے جائیں گے، 10 سے 12 مئی کے دوران کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ 14 مئی تک کاغذات نامزدگی کے مسترد یا منظور ہونے کے خلاف اپیلیں دائر ہوسکیں گی جبکہ  16 مئی تک  ان اپیلوں کا فیصلہ ہوگا۔  17 مئی کو امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپسی لے سکیں گے اور اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی جبکہ 20 مئی کو سندھ اسمبلی میں پولنگ ہوگی۔ واضح رہے کہ متحدہ قومی مومنٹ کےسینیٹر مصطفیٰ کمال کی جانب سے 18 اپریل کو باضابطہ طور پر سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرایا گیا تھا جسے چیئرمین سینیٹ نے منظور کرلیاتھا۔