|

وقتِ اشاعت :   May 30 – 2019

ڈیرہ اللہ یار: پٹ فیڈر کینال سے قیدی شاخ کو پانی کی فراہمی شروع نہ ہوسکی واٹرسپلائی کے تالاب میں پانی کا ذخیرہ دو دن کا رہ گیا آئندہ دو روز میں پانی کی عدم فراہمی کی صورت میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ آبپاشی نے پٹ فیڈر کینال سے قیدی شاخ کو پانی کی فراہمی تاحال شروع نہیں کی قیدی شاخ کو پانی کی عدم فراہمی کے باعث واٹرسپلائی ڈیرہ اللہ یار کے تالاب کو پانی کی فراہمی نہ ہوسکے گی جبکہ پانی کی عدم فراہمی سے واٹرسپلائی کے تالاب میں پانی کا ذخیرہ دو دن کا رہ گیا ہے۔

آئندہ دو روز میں قیدی شاخ کو پانی کی فراہمی شروع نہ ہوسکی تو ڈیرہ اللہ یار شہر میں پینے کے پانی کا بڑا بحران پیدا ہوگا ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدی شاخ کی بھل صفائی کا جواز بنا کر محکمہ آبپاشی نے قیدی شاخ کو پانی کی فراہمی بند کردی ہے۔

محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے سب ڈویڑن آفیسر ڈیرہ اللہ یار عبدالسلام عمرانی نے بتایا ہے کہ قیدی شاخ کو پانی کی عدم فراہمی کے باعث واٹرسپلائی کے فیز ون کے تالاب کو پانی کی فراہمی نہیں ہورہی اور تالاب میں پانی کا ذخیرہ بھی دو دن کا رہ گیا جس کے بعد شہر میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ قیدی شاخ سے واٹرسپلائی کے تالاب کو پچاس کیوسک پانی فراہم کیا جاتا ہے جس سے شہر میں روزانہ کی بنیاد پر 11لاکھ گیلن پانی سپلائی کیا جاتا ہے انکا مزید کہنا تھا کہ محکمہ آبپاشی نے اطلاع دی ہے کہ قیدی شاخ کو پانی کی فراہمی شروع کردی گئی مگر پی ایچ ای کے چینل میں تاحال پانی نہیں پہنچا ہے آئندہ دو روزمیں پانی پہنچنے کے امکانات ہیں۔