|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2014

دمشق: شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب فوجی بیس پر باغیوں کے حملے میں فضائیہ کے سربراہ ہلاک ہو گئے۔ شام میں جاری تین سالہ خانہ جنگی میں اب تک کئی اعلیٰ سرکاری عہدیدار ہلاک ہوچکے ہیں۔ حکام کے مطابق ہفتے کو ملیحہ شہر کے قریب دفاعی اڈے پر باغیوں کے حملے میں فضائیہ کے سربراہ حسین اسحاق ہلاک ہو گئے۔ شام میں کام کرنے والی برطانیہ کی ایک انسانی حقوق کی تنظیم کے رضا کاروں نے حسین اسحاق کی موت کی تصدیق کی ہے۔ رضاکاروں کے مطابق حسین اسحاق ہفتے کو باغیوں کے حملے میں شدید زخمی ہوئے تاہم بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اسحاق القاعدہ سے وابستہ النصرہ فرنٹ اور دیگر اسلامی گروپ کے ساتھ لڑائی میں مارے گئے ہیں۔ ملیحہ کے ارگرد لڑائی حالیہ کئی ہفتوں سے جاری تھی جبکہ صدر بشارالاسد کی حامی فورسز نے اس علاقے میں شدید بمباری کی تھی جسے باغی دارالحکومت سے نزدیکی کی وجہ سے اہمیت دیتے ہیں۔ حسین اسحاق شام کی جنگ میں ہلاک ہونے والے چند اعلٰی فوجی افسران میں سے ایک ہیں، یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی موت سے فوجی حکمت عملی پر کوئی اثر پڑے گا یا نہیں۔