اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نسیم اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کو بھارت کے نئے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ مل گیا ہے تاہم اب تک ان کی جانب سے اس میں شرکت کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بھارت کی جانب سے باضابطہ طور پر یہ دعوت نامہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ اس تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کون کرے گا۔ اس بارے میں قیاس آرائیاں قبل ازوقت ہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم ناصرف 26 مئی کو بھارت کے نئے وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے بلکہ پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوگی، جس میں جامع مذاکراتی عمل کے ایک مرتبہ پھر شروع کرنے سے متعلق اہم امور پر بات کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف عالمی سطح پر ان چند سیاسی رہنماؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے نریندر مودی کو سب سے پہلے بی جے پی کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے انھیں دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی ۔