میران شاہ: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
شمالی وزیرستان ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے میران شاہ، ماچس کیمپ اور میر علی بازار کے ملحقہ علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر ایک بار پھر گولہ باری کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز کی میران شاہ ماچس کیمپ پر گن شپ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے گولہ باری سے 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان ایجنسی کے مختلف علاقوں میں آج تیسرے روز بھی کرفیو نافذ ہے جس کے باعث گھروں میں کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت ہوگئی اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد مارے گئے تھے جس کے بعد دہشت گردوں نے فوجی کیمپ پر راکٹوں اور مارٹر گولوں سے حملہ کیا، میر علی کے اطراف میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کی جھڑپ بھی ہوئی جس میں 11 دہشت گرد مارے گئے جب کہ ایک میجر سمیت 4 سیکیورٹی فورسز اہلکارشہید ہوگئے تھے۔