|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2019

خضدار: جمعیت علمائے اسلام خضدارکے امیر مولانا قمرالدین، نائب امیر مفتی عبدالقادر شاہوانی، جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی،ڈپٹی جنرل سیکریٹری وڈیرہ عبدالخالق زہر ی، ناظم مولانا عبدالکریم متوکل، ترجمان مولانا بشیراحمدعثمانی،ناظم مالیات حافظ سعیداحمد،سالارمولانا غلام رسول مینگل،مولانا محمد ابراہیم مینگل خضدار کے علاقہ تحصیل زہری، سب تحصیل باغبانہ، سب تحصیل گریشہ میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے۔

کہ جمعیت علمائے اسلام ملک گیر ایک سیاسی قوت ہے،ہماری جماعت روزِ اوّل سے آج تک پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ سے باہر عوامی آواز بن کر جدوجہد کرتی رہی ہے اور یہ جدوجہد و تحریک آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گی۔بد قسمتی سے ملک میں ایک ایسی حکومت آئی ہے جو کہ تحفظ ختم نبوت پر حملہ کرنے کی کوشش کررہی ہے اس نے ایک ملعونہ خاتون کو رہائی دلوا کر بیرونی ملک بھیج دیا ہے، حکومت کے افعال اور کردار بتارہے ہیں کہ وہ اسلامی جمہوری ملک میں مغربی اور سیکولر نظام کے نفاذ کے لئے کوششوں میں مصروف عمل ہے۔

تاہم انہیں ایسا موقع بالکل فراہم نہیں کیا جائیگا، مقررین نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام اکتوبر میں آذادی ملین مارچ منعقد کررہی ہے اور اسلام آباد میں لاکھوں عوام جمع ہو کر موجودہ سلیکٹڈ حکومت سے جان چھڑائی جائے گی۔ ملک میں لاقانونیت ہے، مہنگائی عروج پر ہے ایک عوام دشمن حکومت کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے جو جتنی جلدی رخصت ہوجائے اتنے ہی عوام کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام کے عہدیدار اور کارکنان عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، عوام کے بنیادی مسائل چاہے جس شعبے سے تعلق رکھتے ہوں ان کے حل کے لئے انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی کوششیں بروئے کار لائیں، دفتری اور انتظامیہ حوالے سے عوام کی رہنمائی کریں۔

تاکہ انہیں زیادہ دیر تک دفاتر کا چکر نہ لگاناپڑے، اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی کے رہنماؤں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ آئند ہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں جاری رکھیں اور عوام سے رابطہ قائم کریں۔