|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2019

پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کے لیے انعامی رقم اور میچ فیس سمیت دوسری مراعات کا اعلان کردیا۔

بورڈ حکام کا دعوی ہے کہ سیزن میں ایک کھلاڑی کو سالانہ 20 لاکھ روپے کی آمدن ہوگی۔ قائداعظم ٹرافی کی انعامی رقم میں 233 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، قائداعظم ٹرافی کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی، پاکستان کپ کی انعامی رقم میں 125 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کی انعامی رقم میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، ڈومیسٹک سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی سالانہ 6 لاکھ روپے تنخواہ وصول کرے گا۔ قائداعظم ٹرافی کی میچ فیس 50 سے بڑھا کر 75 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔ پاکستان کپ کی میچ فیس 40 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کی میچ فیس 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ نان فرسٹ کلاس میچز کی میچ فیس 8 سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کی گئی ہے۔ سیکنڈ الیون کے ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس میں بھی کھلاڑیوں کو میچ فیس ملے گی۔

تین روزہ کرکٹ میں انڈر ناینٹین  کھلاڑیوں کی میچ فیس چار  سے بڑھا کر دس ہزار روپے رکھی گئی ہےایک روزہ کرکٹ میں انڈر ناینٹین  کھلاڑیوں کی میچ فیس دو سے بڑھا کر پانچ ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔ ڈومیسٹک سیزن کے دوران کھلاڑی تین اور چار اسٹار ہوٹل میں رہائش اختیار کریں گے۔بین الصوبائی سفر کے لیے کھلاڑی ہوائی جہاز کا استعمال کریں گے۔ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا موقف ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر کھلاڑیوں کا معیار زندگی بہتر کرے گا۔ کھلاڑیوں کو طویل عرصہ ان کے جائز حق سے محروم رکھنا افسوسناک تھا۔