|

وقتِ اشاعت :   September 3 – 2019

تربت: گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی سے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی نائب صدر میر عبدالرؤف رند اور ایم پی اے ماہ جبین شیران کی ملاقات۔ملاقات میں میر عبدالرؤف رند اور ماہ جبین شیران نے بلوچستان کے تمام یونیورسٹیز میں ڈے کیئر سینٹر کے قیام اور تمام جامعات میں جدید سہولیات کی فراہمی اور جامعات میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے بات چیت کی۔

اس دوران ملاقات میں انھوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں یونیورسٹیوں میں ڈے کئیر سینٹروں کا قیام انتہائی اشد ضروری ہے کیونکہ یونیورسٹیوں میں ورکنگ وومن کے ساتھ ساتھ شادی شدہ طالبات کی بھی اچھی خاصی تعداد ہوتی ہے۔

جنہیں دوران درس وتدریس اپنے کمسن بچوں کی نگہداشت کے حوالے سے کافی مشکلات درپیش ہوتی۔میر عبدالرؤف رند اور ماہ جبین شیران نے گورنر بلوچستان کو ڈے کیئر سینٹروں کے قیام کے حوالے سے ایک مسودہ بھی پیش کیا۔گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے ڈے کیئر سینٹرزکے قیام کی تجویز کو سراہتے ہوئے اس پر اتفاق کیا اور صوبہ بھرکے تمام جامعات میں ڈے کیئر سینٹر ز کے قیام کی یقین دہانی کرائی۔