|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2019

کوئٹہ: کوئٹہ میں یکے بعد دیگر دو بم دھماکوں میں ایک ریسکیو اہلکار شہید دوایس ایچ اوزاور پانچ ا ہلکاروں میڈیا نمائندوں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے زخمی ہونے والوں میں چار کی حالت تشویشناک ہے،وزیر اعلی بلوچستان نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی، ترجمان بلوچستان حکومت اور صوبائی وزیر داخلہ نے واقعہ پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔ پولیس کے مطابق جمعرات کی شب کوئٹہ کے علاقے خیزی چوک پر واقع نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر میں پہلا دھماکہ ہوا۔

جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے،دھماکہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار،امدادی رضاء کاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کی اور اس دوران میڈیا کے نمائندے بھی دھماکہ کی کوریج کیلئے موقع پر پہنچ گئے اسی دوران دوسرا دھماکہ ہوا، دھماکے میں امدادی رضا کار محمد نعیم موقع پر ہی شہید جبکہ دھماکے میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے افراد میں ایس ایچ او خروٹ آباد نور الحسن،ایس ایچ او ائیرپورٹ نیاز احمد سیکورٹی اہلکار عصمت اللہ،عارف علی،ارشاد احمد، فضل الرحمان، خوشدل خان، نجی ٹی وی کے رپورٹ ابرار احمد، کیمرہ مین رحمت، نصیب اللہ سمیت دیگر دو افراد شامل ہیں۔ دھماکوں کے فوری بعد زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ،بولان میڈیکل ہسپتال اور سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان سول ہسپتال کے مطابق سول ہسپتال لائے گئے 9 زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکوں سے نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتر اور پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ قریب واقع دیگر عمارتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا،دھماکوں کے بعد ایف سی،پولیس اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

ترجمان بلوچستا ن حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق وزیر اعلی بلوچستان نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے خیزی چوک پرپہلا دھماکہ سلنڈر پھٹنے سے ہواجبکہ دوسرے دھماکے سے متعلق تفتیش کی جاری ہے دھماکے میں پولیس آفیسرا ور شہری زخمی ہوئے فلاحی ادارے کا رضا کار شہید ہوا ہے۔انکے مطابق دھماکوں کے فوری بعد حکومت نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکرکے زخمیوں کی بہتر نگہداشت کے احکامات جاری کئے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ عوام میں خوف وہراس پھیلا جاسکے۔ وزیر داخلہ نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شہر میں مزید سیکیورٹی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، مشیر ایکسائز اینڈ ٹیکسٹیشن نعیم بازئی اور ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں زیر علاج دھماکوں کے زخمیوں کی عیادت کی۔