|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2019

دالبندین: بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور ایم این اے میر محمدہاشم نوتیزئی نے دالبندین ماسٹر پلان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں اور تاجروں کی رائے اور منشا کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوئے عملدرآمد کی جائے۔

کہیں ایسا نہ ہو کہ ماسٹر پلان عملدرآمد سے قبل ناکام ہوجائے. انہوں نے اپنے بیان میں نشاندہی کی کہ ماسٹر پلان کے تحت جہاں کہیں بھی دکانیں یا دیگر تعمیرات گرانے ہیں متعلقہ مالکان کو اس سلسلے میں پہلے سے اعتماد میں لے کر ان کے لیے موزوں معاوضہ یا پراپرٹی کا بندوبست ہونا چاہیے تاکہ وہ اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں. ان کا کہنا تھا کہ عوام کو پہلے سے ماسٹر پلان پر عملدرآمد کے متعلق بتایا جانا چاہیے۔

تاکہ لوگوں کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبوں پر عمل ہوسکے اور ترقیاتی عمل متاثر نہ ہونے پائے. ان کا کہنا تھا کہ چاغی کے صدر مقام دالبندین میں ماسٹر پلان کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی شروعات اچھا عمل ہے لیکن اس دوران کسی کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی نہیں ہونا چاہیے۔