پشین : ڈپٹی کمشنر میجر ریٹائرڈ اورنگزیب بادینی نے ہنگامی پریس کانفرنس میں گزشتہ دنوں پشین کے علاقے ڈب خانزئی میں بچوں کی ہلاکت کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ڈب خانزئی اور انکے نواحی علاقوں میں پولیو ویکسین اور حفاظتی ٹیکہ جات سے کوئی اموات نہیں ہوئیں پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات مہم کی راہ میں خلل ڈالنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔
لواحقین کے کہنے پر واقعے سے متعلق انکوائری ٹیم ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احمد زمان جمالی،ڈاکٹر فرحانہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ثناء اللہ، چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر صابر خلجی کی سربراہی میں تشکیل دی جس میں ڈی ایس وی امین اللہ اور ایم اینڈ ای ای پی آئی نجیب اللہ بطور ممبران شریک شامل تھے۔
مذکورہ انکوائری رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے جس میں واضح بتایا گیا ہے کہ بچیوں کی اموات حفاظتی ٹیکہ جات سے نہیں بلکہ دست اور اسہال کی بیماریوں سے ہوئی ہیں اور انکوائری رپورٹ میں یہ واضح بتایا گیا کہ دیگر بچوں کی حالت غیر ہونے سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ڈپٹی کمشنر اورنگزیب بادینی نے کہا کہ بچیوں کی قدرتی اموات پر غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے کہا کہ چند عناصر غلط پروپیگنڈہ کرکے پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات مہم کو ناکام اور نقصان پہنچانا چاہتے ہیں جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ڈسٹرکٹ سے پولیو کا خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے ڈسٹرکٹ کی پرامن فضاء کو ہر گز خراب نہیں ہونے دیں گے عوام کو چاہئے کہ وہ منفی پروپیگنڈوں پر کان نہ دھرے اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کا سلسلہ برقرار رکھے عنقریب ڈسٹرکٹ کو پولیو فری بنا دیا جائیگا۔
دوران پریس کانفرنس ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر محمد عارف زرکون کو سوشل میڈیا پر بچوں کی ہلاکت سے متعلق جھوٹی اور من گھڑت خبر چلانے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا۔پریس کانفرنس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر محمد عارف زرکون، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احمد زمان جمالی،ڈاکٹر صابر خلجی بھی انکے ہمراہ تھے۔