|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2019

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام آج کوئٹہ میں جلسہ ہوگا، جلسے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، بلوچستان بھر سے کارکن اور پارٹی رہنماء شریک ہونگے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء شہید نواب امان اللہ خان زہری اور انکے ساتھیوں سمیت پارٹی کے دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج بروز اتوار سہ پیر تین بجے کوئٹہ کے ریلوے ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ منعقد کیا جارہا ہے، جلسے سے پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل، مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی سمیت پارٹی کے مرکزی قائدین خطاب کرینگے،جلسہ کی سیکورٹی کے لیے پارٹی کے رضاکاروں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

ہفتے کے روز بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے جلسہ گاہ کا دورے کرکے وہاں ہونے والے انتظامات کا جائزہ لیا،پارٹی رہنماؤں کے مطابق جلسہ میں بلوچ علاقوں کے علاوہ پشتون اضلاع سے بھی پارٹی رہنماء کارکن اور حامی ہزاروں کی تعداد میں شرکت کیلئے آج کوئٹہ پہنچیں گے۔