کوئٹہ: بلوچستان ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل نے اپنے ایک بیان میں محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان کی طرف سے سرکاری اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے واضح احکامات کے باوجود سرکاری اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم کا سلسلہ جاری ہے جس میں کوئی توازن نہیں رکھا جارہا۔
یہاں جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں بلوچستان ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے احکامات کی دھجیاں اڑانے کے ساتھ ساتھ میرٹ کو پامال کیا جارہا ہے جس کے باعث بلوچستان کی اخباری صنعت میں بے چینی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان جس کا اصل میں کام حکومت کی پبلسٹی کرنا ہے لیکن پبلسٹی کا یہ کام چھوڑ کر اس محکمے کا واحد کام ٹینڈرز کی تقسیم کرنا رہ گیا ہے اور اُس میں بھی میرٹ کو نظر انداز کیاجارہا ہے۔
بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال جن کے پاس محکمہ اطلاعات کا بھی قلمدان ہے کی توجہ اس طرف مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سرکاری اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم کا فی الفور نوٹس لیں اور اخبارات کے عرصہ دراز سے التواء میں پڑے بلوں کے فی الفور اجراء کیلئے بھی احکامات جاری کریں تاکہ صوبے کی واحد صنعت کو بچانے کے ساتھ ساتھ اخباری صنعت میں اس حوالے سے جو بے چینی ہے اسے بھی دور کیا جاسکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر سرکاری اشتہارات کی تقسیم کے عمل کو منصفانہ نہیں بنایا گیا تو بلوچستان ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل اس حوالے سے سی پی این ای کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے احتجاج کا راستہ اپنائے گی جس کیلئے حکومتی پبلسٹی کے بائیکاٹ سمیت دیگر ذرائع بھی بروئے کار لائے جاسکتے ہیں۔