|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2019

کوئٹہ: کوئٹہ میں راہزنوں کی فائرنگ سے نیشنل پارٹی کا ضلعی عہدیدار جاں بحق ہوگیا پولیس کے مطابق پیر کے روز کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد عدنان ولد محمد یوسف قمبرانی جاں بحق ہوگیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر نعش سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کی جہاں ضابطہ کی کاررروائی کے بعدمقتول کی نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا ذرائع کے مطابق عدنان احمد قمبرانی نیشنل پارٹی قمبرانی روڈ کا یونٹ سیکرٹری تھا جسے موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔

دریں اثنا ء نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے جاری بیان میں نیشنل پارٹی قمبرانی کوئٹہ کے یونٹ سیکرٹری عدنان قمبرانی کی قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ۔

صوبائی حکومت عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ناقص گورنس صوبے کو پھر سے بدامنی کی طرف دھکیل رہی ہے۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرمانہ غفلت کا شکار ہے۔اور عوام ان کی کوتاہی کی سزا بھگت رہی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پارٹی رہنماء عدنان قمبرانی کو قمبرانی روڈ میں نامعلوم اشخاص نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔

جو کہ انتہائی افسوسناک اور غم زدہ واقعہ ہے۔اور اس کی مکمل ذمہداری قانون نافذ کرنے والے اداروں اور نااہل صوبائی حکومت پر بنتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بلند و بانگ دعوے کرنے والی ناکام سرکار کو عوام سے کوء سروکار نہیں اور اچھی گورنس کرنا ان کا شیوہ ہی نہیں۔

حالات کے بگاڑ میں صوبائی حکومت کی نااہلیت شامل یے بیان میں کہا گیا کہ عدنان قمبرانی پارٹی کے انتہائی متحرک اور کمٹڈ ورکر تھے۔پارٹی کو منظم کرنے میں ان کی خدمات کو پارٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔پارٹی غم کی گھڑی میں عدنان قمبرانی کی اہلخانہ کے ساتھ ہے۔