|

وقتِ اشاعت :   June 9 – 2014

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ایئر پورٹ کے قریب فائرنگ اور دھماکوں کے نتیجے میں اے ایس ایف کے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ عسکریت پسندوں نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر حملہ کیا۔ بعدازاں ایئر پورٹ کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کردیا گیا جبکہ سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایئر پورٹ میں چھ شدت پسند داخل ہوئے جن کی عمریں 20 سے 22 سال کے درمیان ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک عسکریت پسند بھی مارا گیا۔ دہشت گردی کے اس واقعے کے پیش نظر ملیر کینٹ سے پاک فوج کے دستوں کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ ملک کے دیگر ایئر پورٹس پر سیکورٹی کو مزید سخت کردیا گیا۔ بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کےحملوں کے نتیجے میں ایئر پورٹ پر موجود دو طیاروں کو جزوی نقصان ہوا ہے۔ ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے جبکہ کراچی آنے والی پروازوں کو دوسرے شہروں میں اتارنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے ایئر پورٹ کو گھیرے میں لےلیا جبکہ کراچی ایئر پورٹ کو سیل کردیا گیا۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے ڈی جی رینجرز پر فون پر رابطہ کیا اور مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔