کوئٹہ: میٹروپولیٹن کارپوریشن اورٹریفک پولیس کوئٹہ شہر صفائی ستھرائی،ٹریفک کی بحالی،پبلک مقامات کی تزئین وآرائش،پارکنگ پلازہ کے تعمیراتی کام کی تکمیل سمیت دیگرمسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں،شہر کی بہتری کیلئے عوام ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن اورٹریفک عملے کیساتھ تعاون کریں تاکہ مشکلات درپیش نہ ہوں۔
ان خیالات کااظہارایڈمنسٹریٹرمیٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ طارق جاوید مینگل اورایس ایس پی ٹریفک نذیراحمد کردنے جمعرات کے روزکوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹرمیٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ طارق جاوید مینگل نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں پارکنگ کامسئلہ حل کرنے کیلئے زیبراکراسنگ سمیت دیگر منصوبوں پرعملدرآمدکریں گے،ٹریفک کی بحالی کوبہتربنانے کیلئے عدالتی احکامات کے مطابق زرغون روڈکواسٹیورٹ روڈسے ملانے والی شاہراہ کوبند کرنے والے دیوراکوگرادیاہے،جناح روڈکوکالون روڈسے ملانے والی شاہراہ سے تجاوزات ہٹا اس کو بھی جلد بحال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پٹی روڈسمیت شہر کے دیگر مقامات پر میٹروپولیٹن کی جائیدادوں سے قبضہ ختم کرکے شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کھل دیں گے،انہوں نے کہا کہ صفائی مہم کومزیدبہتربنانے کیلئے کوئٹہ شہر کو11زون میں تقسیم کردیا ہے اورروزانہ کی بنیادپرشہر میں 12سو50میٹرک ٹن کچرہ جمع ہوتاہے جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کاعملہ روزانہ ساڑھے 5میٹرک کچرہ اٹھاتی ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک نذیراحمد کردکاکہناتھا کہ ٹریفک انجینئرنگ بیوروکے قیام میں تاخیر کی وجہ سے معاملات کی بہتری میں مشکلات کاسامناکرناپڑرہا ہے کوئٹہ شہر میں اب بھی 1947کی طرزپہ ٹریفک کوچلا رہے ہیں،تاہم شہر میں ٹریفک کی بحالی کو رواں دواں رکھنے کیلئے سیدھی لائن میں گاڑیوں کی پارکنگ کاسلسلہ شروع کردیا ہے جس کی وجہ سے کافی بہتری آئی ہے،لوگوں کی سہولت کے پیش نظربہت جلد ای چالان سسٹم شروع کریں گے جس کیلئے سافٹ وئیرکی تیاری کاکام آخری مرحلے میں ہے اس کے ذریعے لوگ بینک میں لائن میں کھڑے ہونے کی بجائے موبائل فون شاپ پرچالان جمع کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لائسنس کے نظام کو مزیدبہتراورسہل بنانے کیلئے آن لائن فارم جمع کرنے کانظام متعارف کرائیں گے تاکہ لوگ گھربیٹھے فارم جمع کرسکیں،انہوں نے کہا کہ نوپارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کاآغازکردیا ہے جس میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔