کراچی: لیاری عوامی محاذ کے آرگنائزنگ سیکریٹری عبدالخالق زدران و دیگر رہنماؤں نے یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ میں طلبہ کو ہراساں کرنے اور بلیک میل کرنے پر یونیورسٹی انتظامیہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں طالبات کو جنسی طور پر ہراساں کرنا کسی بھی مہذب معاشرے کی پیشانی پر کلنک کا ایک داغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہراسگی کا یہ واقعہ یونیورسٹی انتظامیہ کی نا اہلی کا شاخسانہ ہے، جنسی ہراسگی کے قوانین کی موجودگی کے باوجود اسطرح کے واقعات اس بات کا ثبوت ہے کہ سماج میں خواتین کو دوسرے درجے کا شہری سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنسی ہراسگی کا خاتمہ سماجی رویوں میں تبدیلی، خواتین کے مساوی حقوق اور صنفی امتیاز کے خاتمے کے بغیر ممکن نہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنسی ہراسگی کے واقعے میں ملوث یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے۔
تاکہ آئندہ اسطرح کے واقعات رونما نہ ہوسکے کیونکہ اسطرح کے واقعات سے نہ صرف تعلیمی اداروں کا تقدس پامال ہوتا ہے بلکہ طلبہ کی علمی اور تخلیقی سرگرمیوں پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔لیاری عوامی محاز نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی کو فی الفور برطرف کیا جائے۔