پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ ( آئی ایس پی آر) نے آج اتوار کی صبح جاری ہونے والے بیان میں کہا ہے کہ رات تقریباً ایک بجکر تیس منٹ پر تحصیل دیگان اور دتہ خیل میں مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں کم سے کم 50 غیر ملکی شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا اس کارروائی میں ہلاک ہونے والے شدت پسندوں میں کراچی ائیرپورٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی ہلاک ہوا ہے۔
کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کارروائی میں سو سے زائد شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں، تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہ ے
کارروائی میں شدت پسندوں کے ٹھکانے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بدھ کی رات شمالی وزیرستان میں ہونے والے دو امریکی ڈرون حملوں میں کم سے کم 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
رواں سال کے دوران یہ پہلی مرتبہ تھا جب امریکی ڈرون سےشدت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی 15 روز کی ڈیڈ لائن کے بعد متعدد اہم غیر ملکی شدت پسند پہلے ہی علاقے سے روپوش ہوچکے ہیں۔
ایک سینیئر عہدیدار نے فرانس کے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ‘بہت سے شدت پسند علاقہ چھوڑ کر افغان سرحدی علاقے کی جانب چلے گئے ہیں’۔