تربت : انٹر کالج تمپ کے طلباء سراپااحتجاج بن گئے، انٹر کالج تمپ کے طلباء کا کالج کے مسائل پر تربت پریس کلب سامنے مظاہرہ، پریس کلب سے ڈپٹی کمشنر آفس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
تفصیلات کے مطابق انٹر کالج تمپ کے طلباء نے کالج کے مسائل پر تربت پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھے جن پر انٹر کالج تمپ کے مسائل درج تھے مظاہرین نے کہا کہ تمپ کالج میں ہزاروں طلبہ زیر تعلیم ہیں جن کو کئی مسائل کا سامنا ہے جس سے ان کی درس و تدریس کا عمل شدید متاثر ہے کالج کے طلباء کیلئے دوبسیں موجود ہے جو خستہ حالی کا شکار ہیں جبکہ دونوں بسوں کیلئے ایک ڈرائیور مقرر کیا گیا ہے۔
جس کی وجہ سے دور دراز کے طلباء کو کالج آنے اور جانے میں دشواریوں کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ تمپ کالج کے طلباء اسٹڈی ٹوور اور اسکالر شپ سے محروم ہیں آج تک ان کو ایک بھی ٹوور نہیں کرایاگیاجبکہ بلوچستان کے دیگرکالجز میں اسٹڈی ٹوور اور اسکالر شپ کا کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے انکے لیئے ہر سال فنڈز مختص کیے جاتے ہیں تو ہمارے ساتھ یہ نارواسلوک کیوں رکھا جارہا ہے۔
دریں اثناء انٹر کالج تمپ کے طلباء نے تربت پریس کلب سے ڈپٹی کمشنر کے دفتر تک ایک ریلی نکالی اور ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی، طلباء کے ایک وفد نے کالج کے مسائل پر ڈپٹی کمشنر کیچ خواجہ سکندر ذیشان سے ملاقات کی اور اپنے کالج کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا ڈپٹی کمشنر کیچ نے طلباء کے موقف کو سننے کے بعد طلباء کو یقین دہانی کرائی کے ان کے کالج کے بس اور دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔