لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہدہشت گرد اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ۔ ملک اور بیرون ملک آباد تمام امن پسند پاکستانی اپنے فرض کو پہنچانتے ہوئے پاکستان کو بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
لندن میں ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام اے پی ایم ایس او کے 36ویں یوم تاسیس کے اجتماع سے ٹیلی فونک خطاب کے دوران الطاف حسین کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے دہشت گرد ہمارے قبائلی علاقوں اور شہروں میں آن بسے ہیں جوہمارے ملک کی جڑیں کھوکھلی کررہےہیں۔ اگر دہشت گردوں کا پورے ملک پر قبضہ ہوگیاتو جگہ جگہ انسانوں کو ذبح کیا جائے گا اور عورتوں کو گھروں میں بند کردیا جائے گا۔ ملک کے تمام امن پسند عوام کو جنونیت کے خاتمے ، مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ دہشت گرد اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ۔ ملک اور بیرون ملک آباد تمام امن پسند پاکستانی اپنے فرض کو پہنچانتے ہوئے پاکستان کو بچانے کے لئے کردار ادا کریں۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم ہرقسم کی دہشت گردی اورتشددکے خلاف ہے، ان کی جماعت مذہبی جنونیت اورمذہب ومسلک کے نام پرایک دوسرے کو کافر قراردینے اورمعصوم لوگوں کے قتل کے خلاف ہے، ایم کیوایم نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں امن چاہتی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ ملک میں ایسے جمہوری نظام کے لئے جدوجہد کر رہی ہے جہاں تمام پاکستانی شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔