|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2019

کوئٹہ : وفاقی حکومت کی جانب سے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قائم کمیشن نے کوئٹہ میں لا پتہ افراد کے کیسز کی سماعت کا چوتھا دن مکمل کرلیا،کمیشن میں 13لاپتہ افراد کے کیسز کی سماعت کی گئی دو لاپتہ افراد کے کیسز لاپتہ افراد کے زمرے میں نہ آنے کی بناپر خارج کردئیے گئے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے قائم کمیشن نے جمعرات چوتھے کو روز بھی سول سیکرٹریٹ کے جمالی آڈیٹوریم میں لاپتہ افراد کے کیسز کی سماعت کی،کمیشن کی سربراہی بلوچستان ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج فضل الرحمن کررہے ہیں، کمیشن نے چوتھے روز 13 لاپتہ افراد کے کیسز کی سماعت کی جن میں سے 12 لاپتہ افراد کا تعلق خضدار سے تھا۔

کمیشن نے دو لاپتہ افراد کے کیسز لاپتہ افراد کے زمرے میں نہ آنے کی بنا پر خارج کردئیے،کمیشن نے چار روز کے دوران 58کیسز کی سماعت کی جن میں سے تین افراد کے بازیاب ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ 6کیسز کو لاپتہ افرادکے زمرے میں نہ آنے کی وجہ سے خارج کردئیے گئے کمیشن کی سماعت8نومبر تک جاری رہے گی سماعت کے آخری روز آج صرف چار لاپتہ افراد کے کیسز سنے جائیں گے۔