|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2019

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی سفارش پر وزیراعلیٰ اینکسی زیارت کے غیرمعیاری تعمیراتی کام اور فنڈز کی بے ضابطگی پر ذمہ دار حکام، ٹھیکدار اور کنسلٹنٹ کے خلاف فوری طور پر انضباطی کاروائی کرنے اور کیس اینٹی کرپشن کو بھجوانے کا حکم دیا ہے۔

اس سے قبل یکم جولائی 2019 کو وزیراعلیٰ اینکسی زیارت کے تکمیل شدہ تعمیراتی کام کے معیار کو جانچنے کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے سی ایم آئی ٹی کو جامع رپورٹ مر تب و جمع کرانے کی ہدایت کی تھی وزیراعلی ٰمعائنہ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ مواصلات اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو اینکسی منصوبے کے فنڈز کی لاگت میں اضافہ، مجاز حکام کی منظوری کے بغیر ضرورت سے زیادہ فنڈز میں نظرثانی، غیر معیاری سول ورک اور دیگر سامان کی فراہمی میں ملوث پائے جانے والے ذمہ داروں کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کی ہدایات بھی کی ہے جبکہ ان ہدایت کی روشنی میں اٹھا ئے گئے۔

اقدامات کی 30 دن کے اندر پروگریس رپورٹ پیش کرنے کا کہا گیا ہے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اینکسی منصوبے کا تعمیراتی کام منظور شدہ اسٹینڈرڈ میٹریل کے برعکس کیا گیا جبکہ فنڈز میں نظرثانی کی نہ تو منظوری لی گی اور نہ ہی اس عمل کا کوئی تحریری ثبوت ملا۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات ترقیاتی اسکیمات پر عملدرآمد کے لیے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اقدامات کرے۔ معائنہ ٹیم کی رپورٹ میں کی گئی سفارشات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ذمہ داروں کے خلاف فوری طور پر انضباطی کاروائی اور کیس اینٹی کرپشن کو بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔