|

وقتِ اشاعت :   November 12 – 2019

کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے یونیسف کی چیف فیلڈ آفس کی سربراہ ریم ترازی نے یہاں ملاقات کی، صوبائی وزراء بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات کے دوران یونیسف چیف فیلڈ آفس کی سربراہ نے وزیراعلیٰ کو یونیسف کے تحت جاری تشنج سے بچاؤ مہم سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کو تشنج جیسے خطرناک مرض سے بچانے کے لئے حفاظتی ٹیکے لگانا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے پوری طرح سنجیدہ ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہوسکے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تشنج سے بچاؤ کے حوالے سے اس مہم میں بلوچستان کے عوام بھرپور طریقے سے حصہ لیں، یہ مہم بنیادی مراکز صحت کے ذریعے یونین کونسل کی سطح تک لے جائے گا۔

بلوچستان بھر میں پہلی بار اس پروگرام کا آغاز ایک مہم کی صورت میں کیا جا رہا ہے لہٰذا عوام تشنج سے بچاؤ کے حفاظتی تدابیر کی مہم میں بھرپور شرکت کریں اور وہ لوگ جو 15 سال سے بڑے اور 49سے چھوٹے ہیں وہ خاص طور پر اس مہم کا حصہ بنیں تاکہ وہ اس مرض کے خطرات سے خود کو بچاسکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت ایک سنجیدہ معاملہ ہے جس کو حکومت ترجیحی بنیادوں پر سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے، وزیراعلیٰ نے تشنج سے بچاؤ مہم کو تسلسل کے ساتھ بلوچستان بھر میں موثر انداز سے فعال رکھنے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔