کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کا ملک بھرکو لاک ڈاؤن کرنے کا منصوبہ درست نہیں، نواز شریف کی بیرون ملک علاج کی مخالفت نہیں کرتا لیکن قانون سب کیلئے برابر ہونا چایئے،قومی اسمبلی میں حکومت کی نمبر گیم پوری ہے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ جمعیت کو مرکزی حکومت سے جو شکایات تھیں اس لئے انہوں نے دھرنا دیا مگر اب ملک بھر کی قومی شاہراہیں بند کرنے کا منصوبہ درست نہیں ہے، قومی شاہراہیں بند کرنے سے عام لوگوں کو مشکلات ہوتی ہیں بلوچستان حکومت صوبے میں ایسا کرنے نہیں دے گی۔
زیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں میرانام ڈالنے کا شوشہ میڈیا سے چلا، بلوچستان حکومت عوام کی خدمت کرنے میں کردار ادا کررہی ہے، ان حالات میں مذاکراتی کمیٹی کا حصہ بننا میرے لیئے بھی مناسب نہیں تھا، جام کمال خان نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد درست نہیں ہے۔
،اپوزیشن جماعتیں سوچ رہے ہیں کہ ڈپٹی اسپیکر کو ہٹاکر اپنے کسی امیدوار کو جتوائیں گے، لیکن حکومت کی نمبر گیم پوری ہے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی ہمارا ہمیشہ سے یہ موقف ہے کہ جو منتخب ہوگیا اسے ہٹانا نہیں چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے کہا کہ میاں نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،نواز شریف کی بیرون ملک علاج کی مخالفت نہیں کرتا لیکن قانون سب کیلئے برابر ہونا چایئے امیر ملک سے باہر جائے اورغریب ملک میں علاج کرائے یہ نہیں ہونا چاہیے،جام کمال نے مزید کہا کہ ملک میں علاج کیلئے بہترین ادارے بنائے جانے چاہیں ملک کے بہت سے جیلوں میں کینسر، ایڈز اور دیگر امراض میں مبتلا قیدی بھی ہیں۔