ڈیرہ غازی خان : بلوچ سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ڈیرہ غازیخان کا زونل جنرل باڈی اظہر بلوچ زونل صدر اور آصف بلوچ زونل جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ڈیرہ غازی خان زون کا جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت زونل صدر اظہر بلوچ منعقد ہوا۔اجلاس میں تنظیم کے مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان بلوچ بطور مہمان خاص شریک رہے جبکہ اجلاس کے ایجنڈوں میں مرکزی سرکولر، گذشتہ کارکردگی رپورٹ، تنقید نشست، تنظیمی امور اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے۔
تنظیمی امور کے ایجنڈے میں زونل رہنماؤں نے مستقبل کے لئے تجاویز پیش کیے اور اس امید کا اظہار کیا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ڈیرہ غازی خان زون طالب علموں کے بہتر تعلیمی مستقبل کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور جدوجہد کی راہ میں آنے والی مشکلات اور پریشانیوں کا مقابلہ کرے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان بلوچ نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لئے طالب علموں کا کردار مثالی ہوتا ہے اور اپنے مثالی کردار، تحقیق و تخلیق کے شعوری جذبات سے لیس ہو کر پسماندہ معاشرے کو ترقی یافتہ معاشرے کی جانب گامزن کرتا ہے۔ لیکن آج بلوچستان سمیت ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں اظہار رائے کی آزادی سے لیکر تخلیق و تحقیق پر جو پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
ان پابندیوں کی زد میں ہونے کی وجہ سے طالب علموں کی تخلیقی صلاحیتیں معدوم ہوتی جارہی ہیں جس کی وجہ سے طالب علموں کی اکثریت ایک ایسے ماحول کے زیر اثر تربیت حاصل کررہی ہیں جسکے مضر اثرات معاشرے کی تباہی و بربادی پر منتج ہوں گی۔ایسی صورتحال میں طالب علموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کتاب کا دامن نہ چھوڑیں کیونکہ کتاب دوستی ہی انسانی ذہن میں نئے خیالات کو جنم دیتی ہے اور نئے تصورات اور عمل کی یگانگیت معاشرے کو شعور کی بلندیوں تک پہنچا سکتی ہیں۔
اگر ہم نے آج کتاب کلچر کو فروغ نہ دیا تو مستقبل میں ہمارے مقصد کے حصول میں ناکامی ہماری مقدر ہوگی۔ اپنے خطاب کے آخر میں سلمان بلوچ نے طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کا مقصد تعلیمی اداروں میں بلوچ طالب علموں کو یکجا کرکے انکی شعوری تربیت کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کے اندر آزادانہ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
طلبا ء مسائل کے لئے جدوجہد کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے جس کے حصول کے لئے ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اپنے تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کرکے معاشرے کی فلاح کے لئے کردار ادا کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئیے۔ اجلاس کے آخر ی ایجنڈہ آئندہ لائحہ عمل میں سابقہ کابینہ تحلیل ہوئی اور نئی کابینہ تشکیل دی گئی. نئی زونل کابینہ میں اظہر بلوچ صدر, اویس بلوچ نائب صدر, آصف بلوچ جنرل سیکرٹری,سلیم بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور حامد بلوچ انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔