|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2019

ریاض: سعودی عرب میں بینک کی جانب سے کوائف کو اپ ڈیٹ کرنے کا جعلی ٹیکسٹ میسج بھیج کر صارفین کو اُن کی رقم سے محروم کرنے والے 13 پاکستانیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں میں دھوکے سے صارفین کی بینک معلومات حاصل کرکے رقم چرانے والے گروہ کے 13 کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے جن میں سے 9 افراد کو مکہ اور 4 کو قصیم سے حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ تمام افراد پاکستانی شہری ہیں۔

یہ منظم گروہ انعامی رقم اور بینک اکاؤنٹ کی تجدید سے متعلق جعلی میسیجز صارفین کے موبائل نمبر پر بھیجا کرتا تھا اور اس طرح دھوکے سے صارفین سے بینک کی معلومات حاصل کرکے انہیں رقم سے محروم کردیا کرتا تھا۔ شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایت کے بعد چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی۔

اس حوالے سے ریجن پولیس چیف نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ہونے والوں کی عمریں 30 سے 60 سال کے درمیان ہیں، جن سے لوٹی گئی رقم، متعدد موبائل فون، سم کارڈز، کمپیوٹرز اور دیگر آلات برآمد ہوئے ہیں۔  یہ گروہ سادہ لوح صارفین کو انعام کا لالچ دیکر بھی معلومات حاصل کرلیا کرتا تھا۔ دو برس سے پولیس اور سائبر کرائم اس گروہ کے تعاقب میں تھا۔