|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2019

کوہلو : صوبائی سیکرٹری آبپاشی علی اکبر بلوچ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ فنڈز اور وقت کا ضیاع نہ ہو عوام کے فلاح وبہبود کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہلو اور بارکھان میں محکمہ ایریگیشن کے زیر تعمیر منصوبوں کا دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل ایریگیشن فیاض الحق، محمد اظہر، سپریٹنڈنگ انجنیئر ایریگیشن لورالائی سرکل یار محمد لون، ایگزیکٹو انجینئر کوہلو، بارکھان عرفان لاشاری، ایس ڈی او بارکھان امیر محمد، انجینئر حاجی جمعہ خان، انجینئر محراب خان، انجینیئر فیصل زرکون تھے۔

سیکرٹری آبپاشی نے کوہلو میں زیر تعمیر پژہ ویئر پر نیل ایریگیشن، خانکی ڈیم بارکھان، پیروالی ڈیم بارکھان، ناہڑ کوٹ ڈیم بارکھان سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور ترقیاتی منصوبوں میں کام کی رفتار کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن کوہلو، بارکھان عرفان لاشاری نے سیکرٹری کو زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی سیکرٹری آبپاشی علی اکبر بلوچ کا کہنا تھا کہ،ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کے ثمرات سے عوام مستفید ہوسکے ترقیاتی اسکیموں میں جاری کام کی رفتار اور پیش رفت پر انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر کی کارکردگی کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔