تربت : ہوشاپ میں ایف سی ساؤتھ بلوچستان کی طرف سے اجتماعی شادی کی تقریب،25 دلہوں کا تعلق ہوشاپ، تربت،مند اور کیچ کے دیگر علاقوں سے تھا۔ اجتماعی شادی کی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم زبیدہ جلال، مکران کے نامور شخصیات میر ہوتمان بلوچ، میر یاسر بہرام رند،ایف سی سیکٹر کمانڈنٹ عبداللہ، ایف سی کرنل صوبانی،اے سی تربت خرم خالد، اے ڈی سی کیچ سراج کریم کے علاوہ عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔
اجتماعی شادی کی تقریب میں طلباء اور ہوشاپ کے عوام نے بلوچی ڈھول کی تاپ پر رقض کیا اور شادی کے شرکاء کو محظوظ کیا۔اجتماعی شادی کی پر وقار تقریب سے وفاقی وزیر تعلیم زبیدہ جلال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اجتماعی شادی کا مقصد غریب عوام کے سر سے شادی کی بھاری برکم بوجھ کو ختم کرنا ہے یہ صدقہ جاری ہے اسکا اجر اللہ تعالیٰ خود دے گا یہ ان لوگوں کیلئے زندگی کی نئی ابتداء ہے میں دعا کرتی ہوں کہ اللہ تعالی انکی نئی زندگی میں برکت پیدا کرے۔
انھوں نے کہا کہ ایف سی اورآرمی نے اجتماعی شادیوں کا جو سلسلہ شروع کیا ہے ایک نیک عمل ہے اس سے پہلے مند اور کیچ کے دیگر علاقوں میں ایف سی نے اجتماعی شادیاں کرائیں جو کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔ انھوں کہا کہ اس اجتماعی شادی میں جن لوگوں نے اپنا حصہ ڈالا ہے میں ان کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انھوں نے اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالا ہے اس اجر انکو اللہ تعالیٰ خود دے گا۔
اس موقع پر میر ہوتمان بلوچ اور یاسر بہرام رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم غریب لوگوں کے اجتماعی شادی کرانے پر ایف سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں آئندہ دیگر علاقوں میں ایسے پروگرام کااہتمام کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ایف سی نے یہاں کے غریب عوام کو زندگی کے نئے دور میں قدم رکھنے کا موقع دیا ہمیں امید ہے کہ وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز اس عزم پر کریں گے کہ وہ اپنی ازدواجی زندگی کا ہر قدم اپنے ہمسفر کے ساتھ گزاریں گے۔شادی کی تقریب کے موقع پر میر ہوتمان بلوچ اور یاسر بہرام رند نے کمانڈنٹ عبداللہ اور کرنل صوبان کو بلوچی پگڑی پہنایا۔