کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ لاہورمیں وکلاء اور ینگ ڈاکٹرز کا پرتشدد واقعہ اس ماحول کا نتیجہ ہے جس کی داغ بیل پی ٹی آئی نے ڈالی تھی آج عدم برداشت کے حوالے سے فضاء مخدوش ہے ملک میں انتشار نوجوانوں کے ڈیپریشن سے پتہ چلتا ہے کہ ملک ایک خطرناک سمت گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے مزید اب آنے والے کئی سال اس بربادی کا ازالہ نہیں کیا جاسکے گا انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے دشمن طاقتیں پاکستان کے خلاف متحد ہو چکی ہیں۔
دشمن قوتوں کو پہلے اسلامی ایٹمی ملک کا وجود برداشت نہیں ہو رہا ہیاس لیے وہ مختلف حیلوں بہانوں سے ہم پر چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملکی حالات کو بند گلی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے نااہل حکمرانوں کو اب مستعفی ہونا چاہیئے کیونکہ ان کی غیر دانشمندانہ فیصلوں اور اقدامات سے جہاں مسائل بڑھے ہیں وہاں حکومتی ناقص کارکردگی کے باعث عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ عوام کو امید تھی کہ موجودہ حکومت میں کرپشن ختم ہو گی اور لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی وصول کی جائے گی مگر نہ کرپشن ختم ہوئی اور نہ ہی قومی خزانے کو فائدہ پہنچا۔حکومت نے عوامی مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ کر دیا ہے۔
لاقانونیت، بدامنی اور کرپشن کا خاتمہ اور ریلیف عوام کا اولین مطالبہ ہے۔ المیہ یہ ہے کہ تحریک انصاف اور اس کے اتحادی ملک کے معاشی نظام میں بہتری لانے کے مسلسل جھوٹے وعدے کرتے رہے اور عوام پر مہنگائی کے کوڑے برساتے رہے معیشت تباہ و برباد اور ملکی سلامتی داؤ پر لگی ہے ہر شخص عدم تحفظ کا شکار ہے۔
ادارے ناکام ہو چکے ہیں پالیسیوں کے حوالے سے حکومت ایک مفلوج حکومت ثابت ہوئی ہے اشیائے خور و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں دوسری طرف حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی سازشوں میں لگی ہوئی ہے جس کے نتائج خطرناک ہوں گے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء کی تحریک نااہل حکمرانوں کے خلاف جاری رہے گی۔