کوئٹہ+خانوزئی: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج موجودہ حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گا نا اہل اور سلیکٹڈ حکومت کے باعث مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے ملکی معیشت بحرانوں کا شکار ہوگئی جب تک ملک میں نئے انتخابات نہیں ہونگے اس وقت تک ہمار احتجاج جاری رہے گا۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے خانوزئی میں اپوزیشن جماعتوں کے زیراہتمام پلان سی کے تحت احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پررکن صوبائی اسمبلی عبدالواحد صدیقی،اے این پی کے ضلعی صدر عبدالباری کاکڑ،پشتونخوا میپ کے رہنماء حاجی صورت خان کاکڑ اورحاجی حسن کاکڑ نے بھی خطاب کیا۔
مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ملک میں ایسے انتخابات کرائے گئے جس کی وجہ سے آج وہ سیاسی جماعتیں اقتدار اور پارلیمنٹ سے دور ہیں جنہوں نے ملک کی آئین ترقی وخوشحالی میں اپنا کردارادا کیاتھا اور ایسے نا اہل لوگوں کو اقتدار حوالے کیا گیا تھا جن کی وجہ سے آج ملکی معیشت تباہ ہوگئی اور ملک بحرانوں کاشکار ہے ملک میں ایسے کلچر کو فروغ دیا کہ اب عوام بھی نااہل حکمرانوں سے بے زار ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل عوام کے ساتھ جو وعدے کئے گئے ان میں سے ایک بھی وعدے کو پورانہیں کیا گیا اور جن لوگوں کو روزگار دینا تھا ان میں سے کسی ایک کو نہیں دیا تاہم باہر سے دو لوگوں کو لاکر روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور ا پوزیشن جماعتیں کااحتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک سلیکٹڈ حکومت کاخاتمہ نہیں کیا جاتااحتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں اور ان لوگوں کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہیں جو اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت اور ان کی اتحادی جماعتوں میں شامل کرپٹ لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے بی آر ٹی منصوبہ عوام کے سامنے ہے اب عدالتی فیصلے کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جارہا ہے اور لاہور میں جو واقعہ ہوا۔
اس میں حکومت نے سلیکٹڈ وزیراعظم کے بھانجے کو بچانے کیلئے ایف ا ٓئی آر بھی درج نہیں کی اوران لوگوں کے خلاف مقدمات بنائے گئے جن کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں تھا انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے ر ہیں گے۔