|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2019

سوراب :  چھوٹی گاڑیوں پر عائد پابندی کے فیصلے سے انتظامیہ کی چاندی ہوگئی، فی بڑی گاڑی سے ہر چیک پوسٹ پر پچاس ہزارروپے سے زائد بھتہ وصولی سے روزانہ لاکھوں کی آمدنی سے آفیسران کے وارے نیارے، جمع رقم سے بااثر سیاسی کارندوں کو بھی نوازنے کاانکشاف۔

رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے چھوٹی گاڑیوں کے زریعے تیل کے کاروبار پر پابندی سے ایک جانب صوبے میں ہزاروں غریب نوجوان بیروزگار اور ان کے گھروں میں فاقے پڑچکے ہیں تو دوسری جانب اس فیصلے سے انتظامیہ کی چاندی ہوچکی ہے بڑی گاڑیوں سے روزانہ لاکھوں روپے بھتہ وصولی سے ان کی آمدنی میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔

زرائع کے مطابق حاصل ہونے والی آمدنی سے بااثر سیاسی کارندوں کے لئے بھی نذرانہ کاباقاعدہ بندوبست کیا جاتا ہے، پ پنجگور کے راستے غیر ملکی ڈیزل اور پٹرول لانے والی بڑی گاڑیاں لیویز، پولیس، ایکسائز اورکسٹم کے ہر چیک پوسٹ اور ناکے پر تیس سے پچاس ہزار روپے تک بھتہ ادا کرکے آگے گزرجاتی ہیں جس سے ہر ضلع کے حدود میں ماہانہ کروڑوں کی آمدنی حاصل ہوجاتی ہے۔

غیر ملکی تیل اور دیگر اشیاء کی اسمگلنگ کرنے والوں سے حاصل ہونے والی بھتے کی یہ خطیر رقم جو مبینہ طور ان اداروں کے آفیسران، ان کے کارندے اور مخصوص سیاسی افراد میں تقسیم ہوتی ہے جس سے ان کے اثاثوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے جبکہ ایک واقعہ کو بنیاد بنا کر بیک جنبش قلم صوبے کے ہزاروں غریب نوجوانوں کو بے روزگار کیا جاچکاہے جن کے خاندان آج فاقوں کشی پر مجبور ہیں۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسمگلنگ کے مد میں حاصل ہونے والی آمدنی کو قانون سازی کے زریعے قومی خزانے میں جمع کرانے کی پالیسی بنائی جائے تاکہ لاچار طبقہ سے حاصل ہونے والی یہ خطیر رقم صرف چند افراد کے اثاثوں میں اضافہ بننے کے بجائے قومی وسائل کا حصہ بن سکیں۔

Trackbacks/Pingbacks

  1.  ایرانی تیل پر پابندی کے بعد انتظامیہ کی چاندی،فی گاڑی 50 ہزار روپے بھتہ وصولی شروع – Balochistan Affairs

Comments are closed.