|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2020

خضدار : کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پروڈھ کے قریب اورناچ کراس کے مقام پر ٹریفک کے المناک حادثہ میں تین مسافر موقع پر جاں بحق بیس سے زائدزخمی ہوگئے مسافر بس کوئٹہ سے کراچی جارہی تھی۔

لیویز ذرائع کے مطابق جمعہ کو قومی شاہراہ پر اورناچ کراس کے مقام پر کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافربس اگلا ٹائر برسٹ ہونے کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنے والی ٹرک سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں تین مسافر موقع پر جاں بحق ہوگئے جب کہ بیس سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں شہودالرحمان ولد فضل الرحمان ساکن کراچی عبدالغنی ولد حاجی یار محمدساکن چاغی نور احمد ولد احمدشاہ ساکن کوئٹہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں ڈاکٹر فوزیہ بی بی پروین، امیرہ، سعیدہ، مدینہ بی بی عابدہ، آمنہ، حمیدہ، مائکہ، محمدحسن،حارث، محبوب علی، ظہور احمد، ساجد علی، عبدالخالق،حسنین، محمد طہ، محمد نعمان، عبدالرافع، غلام مصطفی، عبدالخالق،احسان و دیگر شامل ہیں۔

واقع کی اطلاع پاتے ہی لیویز اور 1122عملہ موقع پر پہنچ کرزخمیوں کو مقامی اسپتا ل منتقل کیا واضح رہے کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ضلع سوراب سے لیکر تحصیل بیلہ تک موٹر وے پولیس تعینات نہیں جس کے باعث ڈرائیور حضرات سوراب سے بیلہ شہر تک تیز رفتاری کرتے ہیں جو ٹریفک حادثات کا سبب بن جاتے ہیں۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع شہید سکندر آبا د خضدار اور بیلہ شہر تک موٹروے پولیس کی تعیناتی انتہائی ضروری ہے اس متعلق صوبائی حکومت اور آئی جی موٹروے پولیس انسانی جانوں کو بچانے کے لئے موٹروے پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنائیں۔