|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2020

کوئٹہ: معاون خصوصی برائے وزیر اعظم پاکستان بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمدرند نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تعلیم کی بہتری کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کررہے ہیں صوبے میں تعلیمی معیار ہی ہمارے آنے والے مستقبل کو محفوظ بنا سکتا ہے۔

بلوچستان کے نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا وزیر اعظم کا ویژن ہے گزشتہ روز سردار یار محمد رند سے وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی انور پانیزئی نے ملاقات کی اس ملاقات میں جامعہ سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی نے بتا یا کہ جامعہ بلوچستان میں طلباء کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

بلوچستان بھر سے طلباء وطالبات کی بڑی تعداد اس تعلیمی ادارے سے مستفید ہورہی ہے سردار یار محمد رند نے کہا کہ بلوچستان کو ایک ا یسے تعلیمی ماحول کی ضرورت ہے جہاں ہماری نوجوان نسل مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہوسکے۔

وزیراعظم پاکستان نے یہ واضح طور پر کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیمی سہولیات سے آراستہ کیا جائے تاکہ انہیں ناصرف بہتر روزگار میسر ہو بلکہ ان کی خدمات ملک اور بالخصوص بلوچستان کی ترقی میں استعمال میں لائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں بہترین مواقع فراہم کئے جائے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کا عظم رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان سے متعلق جو مشکلات ا ور مسائل ہے ان کے حل کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے رابطہ کریں گے او ر ترجیحی بنیادوں پر ان مسائل کے حل کو یقینی بنا یا جائے گا تاکہ صوبے کی سب سے بڑی یونیورسٹی میں تعلیمی سہولیات کو باہم پہنچا یا جاسکے۔