|

وقتِ اشاعت :   January 20 – 2020

مستونگ : چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر نے اتوارکے رو ز ضلع مستونگ کا دورہ کرکے برفباری سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل کا اندازہ انکے پاس جاکر ہوتا ہے اسی لیے برفباری اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرونگا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی ڈاکٹر ثاقب احمد خان، ڈپٹی کمشنر مستونگ محبوب احمد اور دیگر انکے ہمراہ تھے۔

چیف سیکرٹری کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر نے مستونگ میں مختلف یونین کونسلوں کے معتبرین سے ملاقات کی معتبرین نے چیف سیکرٹری کو حالیہ برفباری اور بارشوں سے ہونیوالے نقصانات اور درپیش مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا۔

چیف سیکرٹری نے علاقے کے معتبرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برفباری سے متاثرہ لوگوں کو بہتر ریلیف کی فراہمی صوبائی حکومت کی اہم زمہ داری ہے اورانہیں لوگوں کی درد اور مشکلات کا پورا احساس ہے۔ صوبائی حکومت برفباری سے متا ثرہ افراد کو ان مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ برفباری کے پہلے ہی دن سے ضلعی انتظامیہ شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو کھولنے میں مصروف رہا اور مختلف علاقوں میں محکمہ صحت اور پی پی ایچ ائی کی تعاون سے لوگوں کی علاج ومعالجہ کیلئے میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

چیف سیکرٹر ی نے کہا کہ جن متاثرہ علاقوں میں اشیاء ضروریات کا فقدان ہے وہاں اشیاء خوردونوش، ادویات کی فراہمی اور جانوروں کیلئے چارے کا بندوبست کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے متاثرہ علاقوں کو ایمبولینس فراہم کرنیکی اور میڈیکل کیمپ بھی لگانیکی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا ائندہ چند روز میں برفباری کی پیشگوئی ہوئی ہے اس سے قبل تمام چھوٹی بڑی شاہراوں کو کلیئر کرنے کیلئے حکمت عملی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ برفباری میں ٹریفک کی آمد و رفت بحال رکھی جائے کیونکہ ڈرائیوروں کی جلد بازی سے بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے لہذا ڈرائیورز بھی صبرو تحمل کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔چیف سیکریٹری نے ڈپٹی کمشنر کی شکایت پر ضلع مستونگ کے تین میونسپل آفیسران کو فرائض میں غفلت برتنے پر فوری طور معطل کرنے کا حکم دے دیا۔