کوئٹہ : جمعیت علماء اسلام کے جنرل سیکرٹری سینٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے موجودہ حالات پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی بدولت آج ملک معاشی بحران کا شکار ہوچکا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان قوم سے کئے گئے وعدوں پر پورا نہیں اتر رہے۔
مہنگائی کے طوفان سے عام آدمی کا جینا دوبھر ہوچکا ہے جبکہ ملک کو آئی ایم ایف کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے یہ بات انہوں نے سعودی عرب میں اپنے اعزاز میں منعقد کی گئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر افراتفری کا ماحول ہے پاکستان کی تاریخ میں پہلی حکومت ہے جس کے پاس نا تو کوئی وژن ہے نا ہی عوام کو دینے کے لئے کوئی منصوبہ موجود ہے جمعیت علماء اسلام نے جو لانگ مارچ کیا اس سے حکومتی ایوانوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے جس کے اثرات ابھی تک ایوانوں میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔
جمعیت علماء اسلام ریاض کے مرحوم جنرل سیکرٹری قاری عبدالباسط کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی ان کی گراں قدر خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
تقریب سے جمعیت علمائے اسلام ریاض کے سیکرٹری جنرل ممتاز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ ملکی سلامتی کے لئے کام کیا ہے اور آج بھی پارٹی ورکرز اور قائدین ملکی وقار کے لئے کام کر رہے ہیں، جمعیت علماء اسلام نے اپنی اچھی اقدار کے ذریعے اپنا آپ منوایا ہے تقریب سے قاری محمد الیاس، آفتاب عاصم، نور طاہر شاہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کو آہین پاکستان کے مطابق چلانے کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔