کراچی: پاکستان میں آج مذہبی جوش جذبے کے ساتھ عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔
نمازعید کے اجتماعات میں ملک کی تعمیر و ترقی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن پر شدت پسندوں کے ممکنہ ردعمل کے پیش نظر آج عید کے موقع پر ملک کے اہم شہروں میں سیکورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس سال بھی ملک میں دو عیدوں کی روایت برقرار رہی اور پیر کو صوبہ خیبر پختونخوا اور فاٹا کے مختلف علاقوں میں عید منائی گئی۔
اس حوالے سے پشاور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں نمازِ عید کے اجتماعات میں سیکورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔
فاٹا اور خیبر پختونخوا کے مختلف کیمپوں میں موجود افغان مہاجرین نے بھی پیر کو عید منائی۔
دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر کی رات چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا۔
مفتی منیب الرحمان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی معقول شہادتیں موصول ہوئیں اور تمام علما اور ماہرین کے اتفاق سے بروز منگل 29 جولائی 2014 بمطابق یکم شوال 1435 ہجری کو عید منانے کا اعلان ہوا۔
اجلاس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنےوالے کمیٹی کے ارکان،سپارکو، پاک بحریہ اور محکمہ موسمیات کے ماہرین نے شرکت کی۔
وزیراعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کی قوم سے آئی ڈی پیز کی امداد کی اپیل
صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے آئی ڈی پیز کی مدد پر زور دیا ہے۔
دونوں رہنمائوں نے عید کے موقع پر اپنے پیغام میں عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو شریک کریں۔
دونوں رہنمائوں نے کہا کہ قوم کو ملک میں جاری بدامنی کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کی حمایت کرنی چاہئے۔
وزیراعظم نے آپریشن ضرب عضب میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کی اصل خوشی نقل مکانی کرنے والوں کی اپنے گھروں کو واپسی پر ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ یہ عید بہادر فوجیوں اور شمالی وزیرستان کے متاثرین کے نام کرتے ہیں، شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ملک کو دہشت گردی سے ہمیشہ کے لئے نجات ملے گی۔
آرمی چیف کی عید منانے کے لیے شمالی وزیرستان آمد
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف شمالی وزیرستان پہنچ گئے جہاں وہ آپریشن ضرب عضب میں مصروف فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائیں گے۔