کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے جاری بیان میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان میں متعصب طلباء تنظیم کی طرف سے بلوچ اور پشتون طلباء پر حملہ تشددو فائرنگ اور بلوچ پشتون طلباء کو محصور کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پر تشدد تنظیم کے خلاف کارروائی نہ کرنا یونیورسٹی انتظامیہ و بلوچستان حکومت اور پنجاب کی سیاسی قیادت پشت پناہی کی مرتکب ہورہے ہیں جو کہ افسوس کا آمر ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ عرصہ دراز سے پنجاب کے مختلف تعلیمی اداروں میں بلوچ و پشتون طلباء کو تعلیم سے دور رکھنے کے لئے تسلسل سے پرتشدد حملے اور منفی عمل کئے جا رہے ہیں سینکڑوں طلبا کو زخمی کیا گیا جس سے کئی طلباء جسمانی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سیاسی قیادت نے اس پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچ و پشتون طلباء پر تعلیم کے دروازے بند کرنے اور پر تشدد کارروائیوں کے خلاف ایوان بالا میں احتجاج کے ساتھ ساتھ پنجاب سیاسی قیادت کو بھی ایسے منفی اقدامات سے آگاہ کیا لیکن بلوچستان کے ساتھ متعصبانہ سوچ نہ بد لی۔
بیا ن میں کہا گیا کہ گزشتہ دنوں ایک دفعہ پھر بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی میں بلوچ و پشتون طلبا ء پر فائرنگ کی گئی جس سے طلباء زخمی ہوئے لیکن متعصب طلباء تنظیم کے خلاف کارروائی عمل میں لانے سے قاصر حکومت نے متاثرہ طلبا ء پر مقدمات بنائیں جو کہ قابل مذمت ہیں۔