راولپنڈی ٹیسٹ میں دوسرے روز پاکستان کی بنگلادیش کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
راولپنڈی میں ہونے والے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر مشتمل پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بنگلادیش 233 رنز بناکر آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر عابد علی کھاتہ کھولے بغیر ابو جاوید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان اظہر علی 34 رنز ہی بناسکے جب کہ شان مسعود نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی لیکن وہ اپنی اننگز کو مزید آگے نہ بڑھا سکے اور 100 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم نے بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی جب کہ ان کے ہمراہ اسد شفیق وکٹ پر موجود ہیں۔
قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض اظہر علی سرانجام دے رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، عابد علی، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں جبکہ فواد عالم کو ایک بار پھر نظرانداز کردیا گیا ہے۔
بنگلادیشی ٹیم کی قیادت مومن الحق کررہے ہیں اور دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، سیف حسن، نجم الحسین، محمد متھن، محمد اللہ، لٹن داس، تیج الاسلام، روبیل حسین، ابو جاوید اور عباد حسین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے ہیں۔