|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2020

بیلہ :  ڈام بندر میں ساحل سمندر پر کھڑی کشتیوں میں آگ لگنے سے 5کشتیاں جل کر خاکستر، ماہی گیروں کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان، وندر سے فائربریگیڈکی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پاکرماہی گیروں کو مزید نقصان سے بچالیا، آگ لگنے کی وجہ کشتی میں ڈیزل لوڈنگ بتائی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کی علیٰ الصباح بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے ساحلی علاقے ڈام بندر ساحل سمندر پر کھڑی سینکڑوں کشتیوں میں سے ایک کشتی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کی لپیٹ میں دیگر کشتیاں بھی آگئیں اور پانچ کشتیاں مکمل جل کرخاکستر ہوگئیں کشتیوں میں موجود لوگوں نے کود کر اپنی جانیں بچالیں اور کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہواجبکہ کشتیوں میں موجود ماہی گیروں کے مچھلی پکڑنے کے جال اور دیگر ضروری آلات بھی مکمل طور پر جل گئے جسکی وجہ سے ماہی گیروں کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان پہنچاواقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل اور وندر سے میونسپل کمیٹی کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔

فائربریگیڈ کی گاڑیوں کے پہنچنے کے باعث آگ پر جلد قابو پالیاگیا اور ساحل سمندر پر کھڑی دیگر سینکڑوں کشتیاں مزید آگ لگنے سے بچ گئیں ذرائع کے مطابق کشتی میں ڈیزل لوڈ کیا جارہاتھا اسی دوران کشتی میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ ڈام کے ماہی گیروں نے کشتیاں جلنے کے باعث ہونے والے کروڑوں روپے کے نقصان پر حکومت بلوچستان سے مالی مدد کا مطالبہ کیاہے۔