|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2020

سبی: ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ نے کہا ہے کہ سالانہ سبی میلہ مویشیاں و اسپاں ہر سال کی طرح اس سال بھی شایان شان اور قومی جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا،سالانہ سبی میلہ سے سبی اور صوبہ کی معیشت پر گہرئے اثرات مرتب ہوں گے،میلے میں صدر مملکت پاکستان سمیت چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کی شرکت متوقع ہوگی،میلے میں حفاظتی انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

تمام سرکاری محکمے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں،سبی میلہ 19فروری سے23فروری تک جاری رہے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی میلہ کے تیاریوں کے سلسلے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ امسا ل پانچ روزہ سالانہ سبی میلہ مویشیاں و اسپاں جو 19فروری سے لیکر 23فروری تک منعقد ہوگاپانچ روزہ میلہ میں مویشی منڈی،سرکس شو،ثقافتی شوز،طلباء و طالبات کے درمیان تقاریری،کھیلوں کے مقابلوں کے علاوہ فلاور شو،مینا بازار،میوزیکل شو،آتش بازی،گھڑدوڑ،نیزہ بازی سمیت مقامی فنکاروں،گلوکاروں اور شعراء و ادیبوں کو بھی اپنی صلاحیات اجاگر کرنے کاموقع بھی فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے آفیسرزسالانہ میلہ کی تیاریوں کا آغاز کردیں انہوں نے کہا کہ سبی میلے میں سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کیے جائینگے جبکہ صحت و صفائی کے نظام کو خصوصی طور پر بہتر بنایا جائیگا اور تمام سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو چراغاں کیا جائیگا انہوں نے کہاکہ سبی میلے میں امسال عوام کی تفریح کے لیے نئے پروگرامز بھی شامل کیئے جائیں گے جبکہ میلہ میں میوزیکل شوز،خواتین اور بچوں کے لیے مینا بازار کابھی اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سالانہ سبی میلہ میں صدر مملکت سمیت چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو بھی مدعو کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ سبی میلہ کے دوران سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے جائیں گے اس سلسلے میں حفاظتی انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جارہی ہے۔

تاکہ سالانہ سبی میلہ میں کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے اس ضمن میں ایف سی،بلوچستان کانسٹیبلری،ڈسٹرکٹ پولیس،لیویز فورس اور اے ٹی ایف کے اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع سے بھی نفری طلب کی جائے گی اس کے علاوہ ٹریفک کنٹرول کے لیے بھی پلان کردیا گیا ہے جبکہ سبی میلے کے دوران اندورن شہربھاری گاڑیوں کا داخلہ بھی بند رہے گا۔