|

وقتِ اشاعت :   August 7 – 2014

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ ‘غیر مسلح’ رہیں لیکن اگر انہیں پولیس حراست میں لے یا پھر ان کی موٹرسائیکلیں پکڑے تو اس صورت میں وہ تھانوں پر ‘دھاوا’ بول دیں۔ چودہ اگست کو لانگ مارچ سے قبل پولیس کی پکڑ دھکڑ کے خلاف انصاف یوتھ ونگ نے تین ہزار کارکنوں پر مشتمل کوئیک رسپانس فورس ‘انصاف یوتھ سپیشل سروسز گروپ’ تشکیل دے دی۔ اس فورس کا مقصد لانگ مارچ کے شرکاء کو کور فراہم کرنا ہو گا۔ عمران خان متعدد مرتبہ پولیس کو غیر قانونی سرکاری احکامات تسلیم کرنے کے حوالے سے خبردار کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود بدھ کو پولیس نے پی ٹی آئی پنجاب کے دفتر اور پارٹی کارکنوں کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے۔ اسی طرح پولیس نے موٹر سائیکلیں پکڑنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ہراساں کرنا بھی شروع کر دیا۔ پی ٹی آئی کے عہدے دار گرفتاریوں سے بچنے کے لیے چھپ گئے ہیں اور اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ٹی آئی پنجاب، لاہور اور آئی وائی ڈبلیو نے اجلاس منعقد کئے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عمران خان کی جانب سے آزادی مارچ کامیاب بنانے کے لیے فنڈز اکھٹا کرنے کی اپیل تاجر برادری تک پہنچا دی گئی۔ پارٹی قیادت نے اپنے کارکنوں سے کہا ہے کہ پیٹرول پمپوں کو بند کرنے کے سرکاری احکامات کی صورت میں وہ اپنے پاس پپیٹرول ذخیرہ کر لیں۔ پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے ڈان کو بتایا کہ حکومت نے اپنے سیاسی عزائم کے لیے پولیس کو استعمال کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس نے مظاہرین کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے سے روکا توصوبے بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے وکلاء ونگ سے کہا گیا ہے کہ وہ کارکنوں کو قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری نے بتایا کہ پولیس کی زیادتیوں کی صورت میں کارکنوں کوپرامن احتجاج کرنے کو کہا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے پورے پنجاب میں کیمپ قائم کر دیے ہیں تاکہ چودہ اگست کو ایک لاکھ بائیکس کا کاررواں نکالنے کے لیے موٹر سائیکل رکھنے والے کارکنوں کی رجسٹریشن کی جا سکے۔ ادھر، پی ٹی آئی لاہور نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے کارکنوں کی گرفتاریاں اور موٹرسائیکلیں پکڑنے کا سلسلہ جاری رکھا گیا تو وہ پورے شہر کو مفلوج کر دیں گے۔ پارٹی نے غیر قانونی طور پر موٹر سائیکلیں بند کرنے پر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ آزادی مارچ کا آغاز عمران خان کی زمان پارک میں رہائش گاہ سے ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ گیارہ اگست سے لانگ مارچ شروع ہونے تک دس ہزار کارکن عمران خان کی رہائش گا ہ کا پہرہ دیں گے۔