کوئٹہ: وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش،زیارت،کان مہترزئی،توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں پشین،قلات،مستونگ،قلعہ سیف اللہ،خانوزئی سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ شرو ع ہوگیا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ زیارت،کان مہترزئی،توبہ اچکزئی،توبہ کاکڑی کی پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے سردی کی شدت میں مزیداضافہ ہوگیا پاک افغان سرحدی علاقے میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔
پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ بارش اور برفباری نے موسم مزید سرد کردیاپاکستان اور افغانستان کا سرحدی علاقہ برآب چاہ اور گرد و نواح میں برفباری وقفہ وقفہ سے جاری ہے کوہ سلطان پر بھی ہلکی برفباری نے موسم انتہائی دلکش بنادیا ہے۔امین آباد، دالبندین، نوکنڈی اور تفتان میں گزشتہ رات سے وقفہ وقفہ سے بارش ہورہی ہے۔ بارش کے باعث قومی شاہراہ پر پھسلن سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ہے۔
کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت6، قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ،بارکھان اور نوکنڈی میں 9، دالبندین میں 3، گوادر میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ،جیونی میں 17،خضدار میں 10،پنجگور میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ،سبی میں 14،تربت میں 8،ژوب میں 5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔