کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین و رکن قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کرونا وائرس کی وجہ سے پریشانی سے دوچار ہیں، وفاقی کٹھ پتلی حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں کہ وہ عوام کے مسائل حل کرے،وفاقی حکومت کی واحد دلچسپی اپنے کٹھ پتلی راج کو برقرار رکھنا،نیب کو استعمال کرکے اپنے سیاسی مخالفین کو گرفتار کرانا،نیب کو استعمال کرکے میڈیا مالکان کو گرفتار کرانا ہے۔
ہماری آواز کو دبانے اور جدوجہد کو روکنے کی کوشش پی ٹی آئی حکومت کی بھول ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے اس کٹھ پتلی کو گھر بھیج کر عوامی حکومت بنائیں گے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ میں ملک نور الدین کاکڑ کی سربراہی میں علاقائی اتحاد کونسل کو پاکستان پیپلز پارٹی میں ضم کرنے کے موقع پر منعقدہ جلسے سے ٹیلی فونک خطا ب کرتے ہوئے کہی۔
جلسے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو،پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ،نور الدین کاکڑ،ملک عبدالقیوم کاکڑ، یاسر بشیر، اکبر خان،لیاقت یوسفزئی، سید اکبر شاہ نے خطاب بھی خطاب کیا، پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر بھائی ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
بلوچستان کے لوگوں کے نے بھٹو شہید سے بی بی شہید اور صدر زرداری سے اب تک ہمارا ساتھ دیا ہے بلوچستان کی تنظیم بھٹو ازم کے پیغام کو گھر گھر پھیلارہی ہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا دور اب شروع ہونے والا ہے،ہم نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو مکمل کرنا ہے،عوام کرونا وائرس کی وجہ سے پریشانی سے دوچار ہیں،لیکن وفاقی کٹھ پتلی حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں کہ وہ عوام کے مسائل حل کرے،وفاقی حکومت کی دلچسپی اپنے کٹھ پتلی راج کو برقرار رکھنا،نیب کو استعمال کرکے اپنے سیاسی مخالفین کو گرفتار کرانا،نیب کو استعمال کرکے میڈیا مالکان کو گرفتار کرانا ہے۔
ہماری آواز کو دبا کر ہماری جدوجہد کو روکنا ہے، ہماری آواز کو دبانے اور جدوجہد کو روکنے کی کوشش پی ٹی آئی حکومت کی بھول ہے،ہم ایوب، ضیا اور مشرف کی آمریت سے نہیں ڈرے، یہ کٹھ پتلی تو کوئی چیز نہیں ہیں،انشاء اللہ تعالیٰ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے اس کٹھ پتلی کو گھر بھیج دیں گے اور عوامی حکومت بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ میں جلد بلوچستان آرہا ہوں اور یہاں کی عوام کے ساتھ کھڑا ہوکر مسائل کو وفاق کے سامنے رکھوں گا۔
پیپلز پارٹی نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر میں حکومت بنائے گی،ہم ایک عوامی حکومت بنائیں گے جو غریب کی خدمت کرے گی، انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پی پی پی وہ جماعت ہے کہ جس نے بلوچستان کو سب سے زیادہ حقوق دئیے،پاکستان پیپلزپارٹی نے بلوچستان کے عوام کو سب سے زیادہ وسائل دئیے ہیں، ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جس سے آج تک خواتین کو مالی مدد مل رہی ہے۔
آئندہ موقع ملا تو ہمیشہ کی طرح عوام کے معاشی حقوق کی جدوجہد کریں گے،انہوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیں غریب عوام کی خدمت کرنا سکھایا ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو اس ملک کے غریب عوام کے لئے آواز بنے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بڑے زمین داروں سے زمین لے کر غریبوں کو دلوائی،انہوں نے مزدوروں کو صنعتوں کا مالک بنایا تھا۔
اگر عوام نے ہمیں موقع دیا تو ہم پھر ایسا نظام بنائیں گے کہ غریب ملکی معیشت اور سیاست کے فیصلے کریں،بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کے غریب عوام اس ملک کے حقیقی وارث ہیں،بلوچستان والونے میری آواز اورمیرے بازو بننا ہے اور شہروں، گلیوں اور ہر جگہ میرا پیغام پہنچانا ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو اگر روزگار ملا ہے تو وہ پیپلز پارٹی کے دور میں ملا ہے۔
اگر تنخواہوں میں اضافہ ہوا ہے تو وہ پیپلزپارٹی کے دور میں ہوا ہے،اگر پنشن میں اضافہ ہوا ہے تو وہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہوا ہے،اگر روزگار، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ چاہئیے تو ایک بار پھر عوامی حکومت بنانا ہوگی، انہوں نے کہا کہ میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والے لوگوں کو خوش آمدید کہنا چاہتا ہوں، پاکستان پیپلزپارٹی کا حصہ بننے پر میں شمولیت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں،نورالدین کاکڑ اور ان کے ساتھیوں کو پی پی پی میں شمولیت پر ویلکم کہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ پارٹی پیغام گھر گھرپہنچائیں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیونے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت سے جس نے پاکستان کو قائم رکھنے، چلانے اور ترقی دینے کے لئے کام کیا ہے ہم ملک کو ترقی دینے والی سیاسی فوج ہیں پیپلز پارٹی نے غریب عوام سے جو بھی وعدے کئے وہ پورے ہوئے عوام سے کئے گئے وعدوں کے لئے ہمارے دو قائدین نے اپنی جان کی قربانی تک دی، نور الدین کاکڑ سمیت انکے ساتھیوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کرکے بہترین اور درست فیصلہ کیا ہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ عمران خان نے ملک کے عوام کو دھوکہ دیا ہے حکمرانوں نے عوام کو کورونا وائرس، بے روزگاری، افلاس کی صور ت میں تبدیلی دی یہ حکمران خود ایک کورونا وائرس ہیں جسے عوام پر مسلط کردیا گیا ہے ہمیں اس وائرس کو ختم کرنا ہے، عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین نے عوام کی چینی چوری کی اب عمران خان اسی چینی کو خرید کر عوام پر فروخت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے لک پاس کے قریب کورونا وائرس کے مریضوں کو رکھنے اور علاج کے لئے سینٹر قائم کردیا ہے۔
جو حکومت صوبے کے لوگوں کو ڈسپرین کی گولی نہیں دے سکتی وہ کورونا وائرس کا علاج کیسے کریگی،اگر حکومت نے کچھ کرنا ہی ہے تو وہ عوام کو مفت ماسک تقسیم کردے، صوبائی حکومت عوام سے دو سال سے جھوٹ بول رہی ہے صوبے کے عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا گیا ا نہوں نے کہا کہ 2020الیکشن کا سال ہے کارکن الیکشن کی تیاری کریں پاکستان پیپلز پارٹی اقدار میں آکر کر بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کریگی۔
پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جس کے عام کارکن بھی کلیدی عہدوں پر ہیں اور ایوانوں میں عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں، امید ہے کہ علاقائی اتحاد کونسل کے رہنماء پارٹی کو فعال اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مسائل کو اجاگر اور حل کرنے میں کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قوم پرستوں نے عوام کو نفرت کے علاوہ کچھ نہیں دیا پاکستان پیپلز پارٹی نفرت سے پاک بلوچستان کو پروان چڑھائے گی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹر ی جنرل سید اقبال شاہ،سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ، نور الدین کاکڑ، ملک عبدالقیوم کاکڑ، یاسر بشیر، اکبر خان،لیاقت یوسفزئی، سید اکبر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے لاکھو ں لوگوں کو بے روزگار، بے گھر کردیا ہے پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت اورمسائل کے حل کی بات کی ہے کوئٹہ اور بلوچستان مسائلستان بنے ہوئے ہیں ہم کوئٹہ کو دوبارہ لٹل پیرس بنائیں گے۔
ہم سیاسی طور پر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں اور حد تک جائیں گے۔اس موقع پر نورالدین کاکڑ نے علاقائی اتحاد کونسل کو پاکستان پیپلز پارٹی میں ضم کرتے ہوئے ہزاروں افراد کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے نور الدین کاکڑ کو پیپلز پارٹی کی کیپ اور جھنڈا دیا جبکہ نور الدین کاکڑ نے مولا بخش چانڈیو،حاجی علی مددجتک،سید اقبال شاہ کو روایتی پشتون پگڑی پہنائی