بھاگ: شہید بینظیر بھٹو بلڈبینک ویلفیئر سوسائٹی بلوچستان کے زیر اہتمام اپنی مدد آپ کے تحت تنظیم کے صدر حسین بخش سولنگی،جنرل سیکرٹری ملک محمدابراہیم شاہوانی نے لوگوں میں کورونا وائرس جیسے موذی اور خطرناک مرض سے بچنے کیلئے سینکڑوں ماسک تقسیم کیئے اور عوام کو موذی مرض سے بچا ؤ کیلئے احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ پوری دنیا اس وقت اس خطرناک مرض کی لپیٹ میں ہے مصیبت کی اس گھڑی میں پوری قوم متحد ہوکر حوصلے اور ہمت سے اس موذی مرض کا خاتمہ کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں کیونکہ معاشرے کا ہر فرد گلی اور محلہ کی سطح پر اپنے اپنے علاقوں میں عوام کواس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے احتیاطی تدابیر فراہم کریں۔
انہوں نے حکومت اور مخیر حضرات سے مطالبہ کیاکہ مزدور طبقہ اور روزکمانے اور کھانے والوں کی مدد کیلئے آگے آئیں کیونکہ دیہاڑی کرنے والے مزدور اس وقت سخت پریشان ہیں کیونکہ وہ روز کماتے تھے اور کھا تے تھے ایسے لوگوں کی مدد کرنا انسانیت کے اعلیٰ درجوں میں شمار ہوتاہے۔
صوبائی حکومت صوبے پر خصوصاً بلوچستان کے عوام کو خوراک اور امداد فراہم کرکے اپنی ذمہ داری پوری کریں تنظیم بلارنگ ونسل ومذہب دکھی انسانیت کی خدمت ہمیشہ کرتی رہے گی آخر میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز،نرسوں اورڈیوٹی دینے والے پولیس،سیکورٹی فورسز کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔